ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ،532مطبوعہ کتب کی فہرست جاری

ڈاکٹر طاہر القادری کی سالگرہ،532مطبوعہ کتب کی فہرست جاری

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام قائم فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے تناظر میں ان کی تحریر کردہ 532 مطبوعہ کتب کی فہرست جاری کی ہے جبکہ کتب کی مجموعی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی سالگرہ پر اندرون و بیرون ملک ’’محافظ اسلام و انسانیت‘‘ کے عنوان سے سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مذہبی و غیر مذہبی، فکری و نظریاتی، سیاسی و معاشی، آئینی و قانونی اور سائنسی علوم کے موضوعات پر کتب تحریر کیں۔ گزشتہ روز ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانا نے اس ضمن میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریر کردہ کتب شرق و غرب اور عرب و عجم میں صاحبانِ علم و دانش کی علمی پیاس بجھا رہی ہیں۔ بالخصوص فروغ امن کے ضمن میں شیخ اسلام کے علمی و تحقیقی کام سے مغرب میں نوجوان نسل بے حد متاثر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام نے قرآنی علوم پر 28 کتب تحریر کیں جن میں شہرہ آفاق ترجمہ عرفان القرآن بطور خاص شامل ہے۔ شیخ الاسلام نے علوم الحدیث پر 79، ایمانیات و اعتقادیات پر 74، عبادات کے موضوع پر 12، سیرت الرسول و فضائل نبوی ﷺ پر 60، صحابہ کرام و صحابیات اور اہل بیت اطہار و اولیاء و صالحین پر 33، ختم نبوت و تقابل ادیان پر 7، فقہ پر 15، اخلاق و تصوف پر 23، اوارد و وظائف پر 15، اقتصادیات پر 10، نظریہ و فکر پر 46، دستور و قوانین پر 11، اسلام اور سائنس پر 6، امن محبت اور رد تشدد پر 17، حقوق انسانی پر 7 اور تعلیمات اسلامی پر 11 کتب تحریر کیں جو شائع ہو چکی ہیں۔ دریں اثناء ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر ہالینڈ میں 16 فروری، مانچسٹر میں 17 فروری، پیرس میں 18 فروری اور بارسلونا میں 19 فروری کو مرکزی تقریبات ہوں گی۔ 19فروری کو پاکستان میں سب سے بڑی تقریب منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہوگی۔

طاہر القادری

مزید : میٹروپولیٹن 1